بھارتی پنجابی فلموں کے پروڈیوسر اداکار اور گلوکار گپی گریوال جلد اپنی نئی فلم کی شوٹنگ کیلئے پاکستان آئیں گے۔
پنجابی فلموں کے مشہور اداکار گپی گریوال نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی نئی فلم ’جنے لاہور نی ویکھیا‘ کی شوٹنگ لاہور میں کریں گے۔
گپی گریول نے اداکارہ و میزبان وینا ملک کے شو میں ویڈیو لنک پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ جلد اپنی فلم کی شوٹنگ کیلئے پاکستان آنے والے ہیں۔
وینا ملک نے گپی گریوال سے سوال کیا کہ کیا وہ پاکستانی فلموں میں کام کرنا چاہتے ہیں؟ جس پر پھارتی اداکار نے پاکستان میں نئی فلم کی شوٹنگ کا اعلان کیا تاہم اس فلم کے حوالے سے دیگر تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
گپی گریوال نے اپنی اداکاری کا آغاز 2010 میں پنجابی فلم ’میل کرادے ربا‘ سے کیا تھا جو کامیاب ہوئی اس کے بعد اداکار نے کئی پنجابی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں ’کیری آن جٹا‘، ’جٹ جیمز بانڈ‘، ’لکی دی ان لکی سٹوری‘ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کئی بھارتی ستارے پاکستان کے لیے اپنی محبت کا اظہار کرچکے ہیں اور یہاں آنے کی خواہش رکھتے ہیں حال ہی میں اداکارہ سونم باجوہ نے بھی پاکستان آنے کیلئے دلچسپی ظاہر کی تھی۔