نیوزی لینڈ کو 4 وکٹس سے شکست دے کر بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں تیسری بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں گزشتہ روز ہوا، جہاں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے، جو بھارت کیلئے آسان ہدف ثابت ہوا۔
روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے 49ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف کو کامیابی سے حاصل کر لیا۔نیوزی لینڈ کو 57 رنز پر پہلا نقصان اس وقت ہوا جب کیوی بیٹر ول ینگ کو ورون چکروتی نے آؤٹ کیا۔ 69 رنز پر اوپنر راچن راوندرا کو اسپنر کلدیپ یادو نے پویلین واپس بھیج دیا جو نیوزی لینڈ کیلئے ایک اور بڑا نقصان رہا۔
وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور کپتان کین ولیمسن کو کلدیپ یادو نے 75 رنز پر آؤٹ کیا۔نیوزی لینڈ نے چوتھی وکٹ اس وقت گنوائی جب ٹام لیتھم کو رویندرا جدیجا نے آؤٹ کیا۔ ان کی پانچویں وکٹ 165 رنز پر گری جب گلین فلپس 34 رنز بنا کر ورون چکروتی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 211 کے مجموری اسکور پر گری۔
کیوی کھلاڑی ڈیرل مچل، جو 63 رنز بنا چکے تھے، محمد شامی کی گیند کا نشانہ بن گئے۔ ساتویں وکٹ 239 رنز پر گری جب کپتان مچل سینٹر 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ دوسری جانب بھارت نے ہدف کے تعاقب میں مضبوط آغاز کیا، اوپنرز روہت شرما اور شبمن گل نے 105 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد میچ یکطرفہ ہوگیا۔
شبمن گل 31 رنز پر آؤٹ ہوئے، جبکہ روہت شرما نے 76 رنز کی اہم اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کی جیت میں اپنا کردار ادا کیا۔ سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی صرف 1 رن پر آؤٹ ہوئے، ہاردک پانڈیا نے 18 رنز بنائے، اور اکشر پٹیل نے مجموعی اسکور میں 29 رنز کا اضافہ کیا۔ شریاس ایئر نے 48 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ کے ایل راہول 34 رنز پر ناقابلِ شکست رہے۔
روہت شرما کو 76 رنز کی شاندار اننگز کے لیے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جس میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔نیوزی لینڈ کے لیے مچل سینٹر اور مائیکل بریسویل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔نیوزی لینڈ کے راچن راوندر کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جنہوں نے 4 میچز میں 263 رنز بنائے اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھارت کی تیسری آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی فتح ہے۔ اس سے پہلے، بھارت 2002 میں سری لنکا کے ساتھ مشترکہ چیمپئن رہا اور 2013 میں انگلینڈ کو شکست دے کر یہ عنوان اپنے نام کیا۔بھارت اور نیوزی لینڈ 25سال بعد چیمپینز ٹرافی کے فائنل میں آمنے سامنے آئے تھے۔ نیوزی لینڈ نے 25سال قبل نیروبی میں بھارت کو 4وکٹس سے ہرادیا تھا۔