لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جاوید میانداد نے کہا ہے کہ 2012 میں ہماری ٹیم خراب حالات کے باوجود بھارت گئی تھی لیکن اس کے بعد بھارت نے اپنا وعدہ آج تک پورا نہیں کیا، اسے چاہئیے کہ ایشیا کپ میں شرکت کرکے اپنے قرض کو اُتارے۔
یوٹیوب کے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، موت برحق ہے وہ جہاں پر لکھی ہے وہاں پر آکر رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایشیاکپ 2023 کیلئے پاکستان آنے سے صاف انکار نے ٹورنامنٹ کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے، سال 2012-13 میں ہماری ٹیم خراب حالات کے باوجود بھارت گئی تھی لیکن اسکے بعد ہندوستان نے اپنا وعدہ آج تک پورا نہیں کیا۔
دنیا کے 10 امیر ترین کرکٹرز کی فہرست جاری، بھارتی کھلاڑی سرِ فہرست
سابق کپتان نے کہا کہ اگر بھارت ہمیں بلائے گا تو ضرور جائیں گے لیکن اب بھارت کی باری ہے کہ وہ اپنا قرض اُتارے۔
قبل ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹیم کو سیکیورٹی وجوہات کا بہانہ بناکر پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی سے دستبردار نہیں ہوگا یہ ہمارا دوٹوک موقف ہے، ایشیائی ایونٹ کا جو فیصلہ ہوا اس کے اثرات ورلڈ کپ پر بھی پڑیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ہماری طرف سے یہ ریڈ لائن ہے، بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے پاکستان آئے یا تیسرے ملک میں کھیلے، اگر بھارت نے اپنے میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلے تو یہی ہائبرڈ ماڈل ورلڈکپ میں پاکستان کیلیے بھی لاگو ہوگا۔