اسلام آباد:ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر کچھ عرصے سے صورتحال بہت تشویشناک ہے، بھارت آگ سے نہ کھیلے، فوجی مہم جوئی کے نتائج ناقابل کنٹرول ہوں گے۔
نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج بہت بہتر طریقے سے بھارت کی مہم جوئی کا جواب دے رہی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی شدید پامالی دھڑلے سے کی جارہی ہے، بھارت چاہتا ہے کہ ان تمام چیزوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کی طرف لائن آف کنٹرول پرمہم جوئی کیی جائے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اگر دشمن نے کسی قسم کی جارحیت کی توبھرپور جواب دیں گے، ہم تیار ہیں، کسی قسم کا شک نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت کو بعض محاذوں پر بہت بڑی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہاں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے معیشت کو دھچکے لگ رہے ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ نیپال کی سرحد پر نقشوں میں بھی بھارت کو بڑی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہاں پر اسلامو فوبیا کی اٹھنے والی لہر کو پوری دنیا نے محسوس کیا ہے، بھارت اس ساری صورتحال سے نظر ہٹانے کے لیے ایل او سی پر کوئی کارروائی کرنا چاہتا ہے جس کے لیے وہ اسٹیج بنا رہا ہے۔لیکن اس نے ایسا کیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیرمظالم کوپوری دنیا دیکھ رہی ہے، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کو دبانے کے لیے مظلوم کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے، بھارتی فورسزنے 7سال کے بچے کوبھی معاف نہیں کیا، جو ظلم کی انتہا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی میڈیا سمیت مبصرین کو کبھی کسی قسم کی رسائی سے انکار نہیں کیا، بھارت بھی یو این مبصر گروپ، عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے تو چیزیں بہت واضح ہو جائیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی الزامات کے شواہد کا تو آج کل ہونا مسئلہ ہی نہیں، بھارت آگ سے نہ کھیلے، ہم تیارہیں، جواب دیں گے،ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت ہر ناکامی کا حل ہمارے خلاف مہم جوئی میں ڈھونڈتا ہے۔ آگ سے نہ کھیلا جائے، فوج مہم جوئی کے نتائج ناقابل کنٹرول ہوں گے۔