نئی دہلی: بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت ایک ایسا ملک ہے جو پڑوسیوں کا احترام کرتا ہے تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو لڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو ماضی قریب میں جنگ کی دھمکیاں دینے والے بھارت کے وزیرِ دفاع نے گزشتہ روز اروناچل پردیش میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقعے پر اپنے بیان میں کہا کہ بھارت دنیا کو ایک خاندان سمجھنے کے فلسفے پر یقین رکھتا ہے۔ ہم کبھی جنگ کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے۔
افغانستان دہشتگردی کا آلۂ کار نہ بنے، دفاع کرنا پاکستان کا حق ہے۔امریکا
بیان میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اگر ہمیں اشتعال دلایا گیا تو کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہم پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ہمیں یہ فلسفہ ہندو مت کی تعلیمات سے وراثت میں ملا۔ عالمی برادری بہت سے تنازعات کا سامنا کر رہی ہے۔
بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے جنگ کے خلاف رہے، وزیر اعظم مودی بھی موجودہ دور کو جنگ کا دور نہیں سمجھتے تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو لڑیں گے۔ یقینی بنا رہے ہیں کہ بھارتی شہری تمام تر خطرات سے محفوظ رہیں۔ جن پراجیکٹس کا افتتاح کیا ہے، اس سے فوج کی آپریشنل تیاریوں کو فروغ ملے گا۔
خیال رہے کہ بھارت میں انسانی حقوق بالخصوص اقلیتوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں معمول بنتی جارہی ہیں، مقبوضہ جموں کشمیر میں ہر روز رقم ہونے والی ظلم و ستم کی داستانیں پاکستان کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کی بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں جس پر بھارت کو پسپائی اختیار کرنی پڑی۔