وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر حملے کی تیاری مکمل کرلی ہے، اگلے 2 روز میں حملہ کرسکتا ہے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ مستند اطلاعات ہیں کہ بھارت پاکستان کیخلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے تاہم ہم اپنے دفاع سے غافل نہیں ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔ بھارتی فوجی مہم جوئی کا یقینی جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مودی کا سیاسی مقاصد کیلئے عوامی جذبات کو بھڑکانا افسوس ناک ہے، بھارتی حرکتیں خطے اور دنیا کیلئے تباہ کن ہونگی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت فوجی کارروائی کیلئے پہلگام واقعے سے جڑے بےبنیاد اور خودساختہ الزامات کو بنیاد بنائےگا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کو پہلگام واقعے کے محرکات جاننےکیلئے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی۔