ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے آگئیں، بھارتی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی کپتان روہت شرما کے مابین ایشیا کپ کے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کیلئے ٹاس ہوا جو بھارت نے جیت لیا۔ کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم پہلے بیٹنگ کریں گے۔
کوہلی پاکستانی کھلاڑیوں سے گُھل مل گئے، ویڈیو سامنے آگئی
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ ایشیا کپ ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے۔ ہم موسم کے حوالے سے نہیں سوچتے۔ پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ کا اچھا مقابلہ ہوگا۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم ایشیا کپ کیلئے اچھی تیاری کرکے آئے ہیں۔دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے بھارت کے خلاف کھیلنے کیلئے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پچھلے ڈیڑھ ماہ سے سری لنکا میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ ایشیا کپ کے ایونٹ میں کرکٹ کی ٹاپ ٹیمز حصہ لے رہی ہیں۔ آج کے میچ میں بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین مقابلہ ہمیشہ ہائی وولٹیج ہوتا ہے۔ اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم بھی بیٹنگ کا فیصلہ کرتے۔ اگر آپ پہلے سے میچ جیت کر آرہے ہوں تو اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
کس ٹیم میں کون کون شامل؟
بھارت کے خلاف میچ کیلئے پاکستان نے اپنے 11 کھلاڑیوں کا اعلان گزشتہ شب کیا۔ ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، ، افتخار احمد، سلمان آغا، محمد نواز، محمد رضوان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤوف شامل ہیں۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما کے علاوہ شبمن گل، ویراٹ کوہلی، شریاس ائیر، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا، شاردل ٹھاکر، رویندر جدیجا، محمد سراج، جسپریت بمرا اور کلدیپ یادیو شامل ہیں۔