کراچی : چیئرمین ضلع کونسل کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ آزادی اللہ پاک کی عظیم نعمت ہے جس کی قدر وہ زیادہ بہتر جانتے ہیں جنہیں یہ میسر نہیں۔
ہم نے آزاد فضاء میں جنم لیا جس کیلئے ہمارے بزرگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اُنکی قربانیوں کے طفیل ہم آزاد ہیں ہمیں اپنے وطن کی قدر کرنی چاہیے اور اسکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار بھر پور طریقے سے ادا کرنا چاہیے جس کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا آج ہماری شہ رگ کشمیر پر انڈیا کا تسلط قائم ہے جہاں وہ ظلم وستم کی نئی تاریخیں رقم کر رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرچم کشائی کی تقریب سے کیا ، اس موقع پر چیف آفیسر ایاز حمید بلوچ ، وائس چیئرمین محمد رفیق جت ،ڈائریکٹر ایڈمن شریف شیخ ، ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر نبیل بلوچ ، اراکین کونسل میر عباس ٹالپور ، اختر عارفانی ،مجاہد جوکھیو ، حاجی ابوبکر میمن، ستار حمایتی ، فاطمہ مجید ، حسن مینگل ، صدام بلو چ ،مکھی اودھامل ، جہانگیر لاشاری ،مولانا رفیق ،شازیہ تاج ، حاجی احمد ، ساجدہ میمن ، ضلعی عملہ و دیگر بھی موجود تھے ۔
مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ ہیں انہیں یہ یقین دلاتے ہیں کہ ان کی آزادی کیلئے ہم اپنا سب کچھ نچاور کردینگے ، انڈیا کی بربادی کا وقت بہت قریب ہے ان کا رافیل طیارہ بہت جلد عجائب گھروں کی زینت بننے گا، ہم جذبہ ایمانی سے فاتح یاب ضرور ہونگے ۔
ہمارا پیارا ملک پاکستان قدرت کی ہر نعمت سے مالا مال ہے یہاں پر چار موسم اپنی تمام رعنائیوں کے ساتھ موجود ہیں زراعت ،معدنیات ،آبی ذخائر ،پہاڑ ،سمندر ، غرض کے دنیا کی ہر قابل رشک عنایت رب تعالیٰ وافر تعداد میں موجود ہے، ہمیں اس سوچ کو فروغ دینا ہے کہ ہم نے پاک وطن کو کیا دیا ہے۔
آج کا دن تجدید عہد و فا کا دن ہے، آیئے ہم پاکستان کو اس مقام اور رتبے پر فائز کرے ،جس میں تمام اقوام عالم پاکستان کے فیصلوں کے آگے اپنا سرخم کریں ،ملک کو معاشی لحاظ سے اتنا مضبوط کریں کہ ہمارا وطن دنیا کی مالی معاونت کرے یہ مشکل ضرور ہے نا ممکن نہیںاور نا ممکن کو ممکن میں تبدیل کرنا ہم پاکستانیوں کو اچھی طرح آتا ہے۔
ماضی میں ہم نے جس منزل کی جستجو کی ہے وہ حاصل کر کے دکھائی ہے اس میں جہاں معاشرے کے ہر فرد کو اپنی ذمے داری ادا کرنا ہے نوجوانوں کا کردار سب سے اہم ہے وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بعد بیرون ملک جانے کے بجائے اپنے وطن میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں۔
مزید پڑھیں:تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتی ہوں، ایسرا بلجیک