شہر کے تیسرے بڑے اسپتال عباسی شہید اسپتال میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہونے لگا، لیکن انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی کوئی سیکیورٹی نہیں دی جارہی ہے۔
سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے اسپتال انتظامیہ نے میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز سے درخواست کردی ہے۔
ضلع وسطی میں قائم عباسی شہید اسپتال میں پہلے ہی صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ مریضوں کو علاج کے حوالے سے پریشانی کا سامنا رہتا ہے، ایسے میں اسپتال میں علاج کی غرض سے آنے والے مریض اور ان کے لواحقین اپنی قیمتی اشیا سے بھی محروم ہورہے ہیں۔
عباسی شہید اسپتال میں صفائی کی حالت بے حد ناقص ہے، جگہ جگہ کچرا پڑا ہونے کے باعث مریضوں اور تیمارداروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، اسپتال کے مرکزی دروازے سے متصل سڑک سیوریج کے گندے پانی سے بھری ہوئی ہے۔
گندگی کے باعث تو مریضوں، ان کے ہمراہ آئے تیمارداروں اور ڈاکٹرز کو پریشانی کا سامنا ہے ہی، لیکن اب اشیا چوری ہونا بھی ایک بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عباسی شہید اسپتال کے ایک ذمہ دار افسر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس خاکروب کی کمی ہے، اس سے قبل ہمارے پاس 120 خاکروب تھے تاہم اب انتہائی کم رہ گئے ہیں۔
افسر کا کہنا ہے کہ لوگوں کو بھی چاہیے کہ وہ اسپتال میں صفائی کا خیال رکھیں۔ لوگ اپنے گھروں میں پان گٹکا کھا کر نہیں پھینکتے لیکن اسپتال کے فرش کو گندا کر دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہیں جبکہ نئے کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے ڈپارٹمنٹ سے درخواست کی گئی ہے۔