اسلام آباد: تھانہ بھارہ کہو کی حدود میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، ڈکیتی کی وارداتوں کے سبب شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
گزشتہ ہفتہ بھارہ کہو کے شہریوں نے مین مری روڈ بند کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا تھا، آج صبح تین اور پانچ بجے کے درمیان مسلح ڈاکوصادق ٹاؤن محلہ میں مختلف وارداتیں کر تے رہے۔
اس دوران ڈاکو ؤں کے ایک ہی گروہ نے چار گھروں کا صفایا کیا، مین دروازے کے لاک توڑ کر اسلحہ کے زور پر گھر والوں کو یرغمال بنا کر طلائی زیورات موبائل فون اور نقد رقم لے کر رفوچکر ہو گئے۔
گھروں کے اندر داخل ہونے کے بعد اپنا تعارف محکمہ پولیس سے کرواتے رہے، شہریوں نے مقامی تھانہ کو اطلاع دی تو ڈی ایس پی خود موقع واردات پر پہنچے اور شہریوں کو یقین دہانی کروائی کے ہم بہت جلد ملزموں کو گرفتار کر لیں گے۔
شہریوں کا اس حوالہ سے یہ کہنا تھا کہ تھانہ بھارہ کہو کی حدود میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کو کنٹرول کرنے کیلیے پولیس چوکیاں قائم کی جائیں تاکہ بڑھتے ہوئے جرائم کو روکا جاسکے۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی میں اپنے بہن بھائی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرنے والے ملزم کی لاش مل گئی