عالمی بازار میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی دیکھنے میں آرہی ہے،گزشتہ 5 ماہ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 300 ڈالر کی کمی سامنے آئی ہے جبکہ پاکستان میں اس کے دام تاریخ کی بلندی پر ہیں۔
آل پاکستان جیم اینڈ جیولرز کے صدر ہارون چاند کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں بھی 3 فیصد جنرل سیلز ٹیکس، 40 ہزار روپے ماہانہ فکسڈ ٹیکس اور بجلی کے بلوں پر 6 ہزار روپے سیلز ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے جس سے چھوٹے جیولرز کے کاروبار کو تقریباً ختم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
صدر ہارون چاند نے کہا کہ صرف ٹیکسوں پر بس ہوتی تو کیا بات تھی، ڈالر مہنگا ہونے سے سونے کی درآمد ختم ہوچکی ہے، عوام مہنگا سونا کیسے خریدے یہ سکت بھی نہیں رہی۔
صدر آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات کرے اور لمبے عرصے کی پالیسی دے ورنہ احتجاج ہوگا یا پھر چھوٹے جیولرز، کاریگر اور سونے کے کاروبار کی سپلائی چین ختم ہوجائے گی۔