اسلام آباد: موجودہ مالی سال کے پہلے ماہ برآمدات میں 12 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جون کے مقابلے میں جولائی میں برآمدات 29 کروڑ ڈالر کی کم رہیں۔
برآمدات سے متعلق پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ موجودہ مالی سال 24-2023ء کے پہلے ماہ برآمدات میں 12.23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جولائی میں برآمدات کا حجم 2 ارب 6 کروڑ ڈالر جبکہ جون میں 2 ارب 35 کروڑ ڈالر رہا۔
دستاویز کے مطابق ٹیکسٹائل، لیدر، اسپورٹس گڈز، خوراک، پنکھوں کی ایکپسورٹ میں کمی ہوئی جبکہ انجیئنرنگ گڈز، قالین، جوتوں، پیٹرولیم اور کوئلے کی برآمدات بھی گر گئیں، سرجیکل گڈز، سیمنٹ، چینی، پلاسٹک میٹریل، آئل سیڈز کی برآمدات میں اضافہ ہوگیا۔
مہنگائی کی شرح میں ہوشربا اضافہ، غریب عوام کی چیخیں نکال دیں
رپورٹ کے مطابق لیدر گڈز کی برآمد میں 11 فیصد کمی، حجم 4 کروڑ 47 لاکھ ڈالر رہا، خوراک کی برآمد میں 7.56 فیصد کمی اور حجم 32 کروڑ 91 لاکھ ڈالر رہا جبکہ چاول، سبزیوں، تمباکو کی ایکسپورٹ میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسپورٹس گڈز کی برآمد میں 10.81 فیصد کمی اور حجم 2 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا، سرجیکل گڈز کی ایکسپورٹ 3 فیصد اضافے سے 3 کروڑ 39 لاکھ ڈالر رہی، چینی کی برآمد میں دوگنا اضافہ ہوا اور اس کی 34 لاکھ 66 ہزار ڈالر کی ایکپسورٹ ہوئی۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ پلاسٹک میٹریل کی ایکسپورٹ 24 فیصد اضافے سے 2 کروڑ 16 لاکھ ڈالر رہی اور آٹو پارٹس کی برآمدات میں 4.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کا حجم 18 لاکھ ڈالر رہا۔