کراچی: سابق کپتان سرفراز احمد کی ٹویٹ پر محمد حفیظ نے جوابی وار کرتے ہوئے سرفراز احمد کی پی سی بی سے شکایت کردی، انہوں نے کہا کہ محمد رضوان کیلیے عام سی تعریفی ٹویٹ کو غلط رنگ دیا گیا۔
سوشل میڈیا پرلفظی جنگ کے بعد محمد حفیظ نے پی سی بی سے سرفراز احمد کے رویے کی شکایت کردی ہے،ذرائع کے مطابق آل راؤنڈر اپنی ٹویٹ پر سابق کپتان کے ردعمل سے حیران رہ گئے۔
گوکہ سرفراز احمد نے براہ راست تو یہ جملہ نہیں کہا لیکن ان کی ایک بات سے تاثر سامنے آیا جیسے وہ حفیظ کو منفی سوچ سے بچنے کا مشورہ دے رہے ہیں، اس پر چراغ پا،حفیظ نے ٹیم مینجمنٹ کے ارکان سے رابطہ کرکے اپنے تحفظات کا اظہار کیا، ان کا موقف تھا کہ صرف محمد رضوان کی تعریف کرنے پر نجانے کیوں سرفراز ناراض ہو گئے۔
محمد حفیظ نے پی سی بی میڈیا ڈپارٹمنٹ سے بھی سرفراز احمد کی شکایت کی،کچھ دیر تو انھوں نے صبر کیا مگر پھر کسی کا نام لیے بغیر ایک اور ٹویٹ میں ”سطحی ذہنیت“ والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ حفیظ کا پی سی بی کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہے، البتہ سرفراز احمد سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹر ہیں، بورڈ کسی کیخلاف فی الحال کوئی ایکشن لینے کا ارادہ نہیں رکھتا، البتہ تمام زیرمعاہدہ کرکٹرز کو ایک بار پھر سوشل میڈیا پالیسی پر عمل درآمد کی یاد دہانی کرائی جائے گی۔دوسری جانب یہ معاملہ طول پکڑتا دکھائی دے رہا ہے۔
دوسری جانب سے یہ بات واضح رہے کہ محمد حفیظ اور سرفراز احمد کے تعلقات کبھی مثالی نہیں رہے،حفیظ سابق کپتان کو اکثر اپنے انٹرویوز میں نام لیے بغیر تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں، سرفراز نے کافی عرصے برداشت کیا مگر اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا تو ڈھکے چھپے الفاظ میں جوابی وار کر دیا۔