راولپنڈی میں عام شہری پر سرکاری اہلکار کے تشدد کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ ایک اور سرکاری افسر اختیارات اور اقتدار کے زعم میں آپ سے باہر ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری افسر نے راولپنڈی میں عام شہری کو سر عام تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق شہری کا قصور صرف اتنا تھا کہ اس نے اپنی گاڑی طاقت اور اختیار کے نشے میں چور سرکار افسر کی ڈبل کیبن گاڑی سے آگے کر دی تھی۔
سرکاری افسر عام شہری کی جانب سے سامنے آنے والی اس “توہین” پر آپے سے باہر ہوگیا اور اس نے شہری کو گاڑی سے اتروا کر اس “گستاخی” پر سر عام سزا دے دی۔
واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں سرکاری افسر کو عام شہری کو منہ پر تھپڑ مارتے اور تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ چند دن قبل بھی پنڈی میں ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا تھا۔ جس میں راولپنڈی کے تھانہ وارث خان میں تعینات اے ایس آئی نے پتنگ بازی کی پاداش میں عام شہری کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو سامنے آنے پر سی پی او نے اُسے معطل کیا اور پھر مقدمہ درج کر کے اے ایس آئی کو گرفتار کرلیا گیا۔
جبکہ ٹیکسلا میں گزشتہ دنوں ایک پولیس افسر نے سر عام ایک بزرگ خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا دیا تھا، جس کی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی شدید مذمت کی تھی۔