پشاور میں بچیوں سے جنسی زیادتی اور قتل کے ملزم کو گرفتار کر کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا، جہاں ملزم کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا گیا۔
عدالت نے بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور پھر انہیں قتل کرنے والے ملزم کو سینٹرل جیل پشاور بھیجنے کا حکم دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق پشاور سے ہے جس کی عمر 25 سے 30 سال کے درمیان ہے، ملزم کو گلبرگ پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
ملزم نے تین بچیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے اور 2 بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کیا۔
واضح رہے کہ ملزم نے 3 جولائی کو ریلوے کالونی میں 10 سال کی بچی کو زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کر دیا تھا۔
10 جولائی کو ملزم نے گلبرگ میں دوسری بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور 17 جولائی کو ملزم نے کالی باڑی میں تیسری بچی کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا تھا۔
دوسری جانب زیادتی کے واقعات پیش آنے کے بعد علاقے میں لوگ پریشان ہیں، جبکہ بچوں کو گھروں سے باہر اکیلے بھی جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے بچے اپنے گھر میں جیل کے ماحول میں رہ رہے ہیں۔