اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے ہفتے کے روز اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے ، انہوں نے انسانی ہمدردی کے تحت ضروریات کو پورا کرنے اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے افغانستان میں جاری امدادی کارروائیوں میں تعاون پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جس میں انسانی صورتحال پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وزیر اعظم عمران نے افغانستان میں امن ، استحکام اور ایک جامع سیاسی تصفیے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں 40 سال سے جاری تنازع کو بالآخر ختم کرنے کے موقع سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیے تاکہ افغانیوں کو پائیدار امن ، سلامتی اور خوشحالی حاصل ہو سکے۔
انہوں نے انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے فوری ترجیح کے مطابق بین الاقوامی برادری کو افغانستان کے ساتھ زیادہ جڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف سیکورٹی کو تقویت ملے گی بلکہ افغانیوں کا ان کے ملک سے بڑے پیمانے پر انخلاء بھی روکا جاسکے گا۔ اس طرح افغانستان میں پناہ گزینوں کے بحران کو بھی روکا جاسکے گا۔
وزیراعظم نے افغان عوام کو انتہائی ضروری انسانی امداد پہنچانے میں اقوام متحدہ کے اہم کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے اس حوالے سے اقوام متحدہ کو پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولت پر روشنی ڈالی جس میں انخلاء اور نقل مکانی کی کوششوں میں مدد شامل ہے۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی کہ افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے مشن کو ہموار کرنے کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : طالبان وفد کی دوحہ میں پاکستانی سفیر سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال