لاہور:لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد10روز کے دوران 6 لاکھ سیاحوں نے سیاحتی علاقوں کا رخ کیا جبکہ ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کے دوران تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔
اس حوالے سے محکمہ سیاحت کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد پختونخواہ کے بالائی 6 اضلاع میں سیاح غیر معمولی تعداد میں پہنچ رہے ہیں اورصرف 13 اگست سے 21 اگست تک 6 لاکھ 27 ہزار 995 سیاحوں کی آمد ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق سوات میں سب سے زیادہ 3 لاکھ 56 ہزار 400 سیاح آئے جبکہ 65 ہزار 350 سیاحوں نے مانسہرہ کا رخ کیا۔ لوئر چترال میں 9 ہزار 800 اور لوئر دیر میں 3 ہزار 460 سیاح پہنچے، اپر دیر میں 3 ہزار 389 سیاحوں کی آمد ہوئی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن کے باعث سیاحتی علاقوں میں سیر و تفریح آنے پر پابندی عائد تھی، اب جبکہ لاک ڈاؤن پر سے پابندی ختم کردی ہے، عوام کی کثیر تعداد مختلف سیر و تفریح کے مقامات کا رخ کررہی ہے۔