مشہورومعروف بالی ووڈ ہدایتکار امتیاز علی نے بھارتی اداکارہ کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دپیکا پدوکون سب سے زیادہ محنت کرنے والی اداکارہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے حالیہ بیان میں معروف ہدایت کار امتیاز علی نے کہا کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں خواتین اداکارائیں سب سے زیادہ محنت کرتی ہیں، انہیں مشکل حالات میں مزید کوشش کرنا پڑتی ہے۔ دپیکا پدوکون اپنی تمام ساتھی اداکاراؤں کے مقابلے میں سب سے زیادہ تیزی سے تیار ہوجاتی ہے۔
بالی ووڈ فنکارہ دپیکا پدوکون کو اداکاری میں بہترین قرار دیتے ہوئے ہدایتکار امتیاز علی نے کہا کہ دپیکا کے ساتھ کام کرنا میرے لیے ایک شاندار تجربہ ہے۔ جب بھی دپیکا کے ساتھ فلم کے سیٹ پر ہوتا ہوں تو بہت آرام محسوس ہوتا ہے۔ وہ کسی بھی دوسرے اداکار سے قبل تیار ہوجاتی ہیں۔ وہ ایک حیرت انگیز اداکارہ ہیں۔
امتیاز علی نے کہا کہ بھارت میں کوئی بھی اتنی محنت نہیں کرتا جتنی فلم انڈسٹری کی خواتین کو کرنی پڑتی ہے۔ میں ہیروئنز کی بات کررہا ہوں جو بالی ووڈ کی گلیمر گرلز کہلاتی ہیں۔ انہیں کسی بھی دوسرے فرد سے قبل سیٹ پر آنا پڑتا ہے تاکہ وہ اپنی خوبصورتی اور لباس پر کام کا آغاز کریں۔
اداکاراؤں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے ہدایایتکار امتیاز علی نے کہا کہ وہ غیر آرام دہ حالات میں شوٹنگ کرتی ہیں، سرد موسم میں کم کپڑے پہنتی ہیں اور کبھی کبھار انہیں سونے کا موقع بھی کم ہی ملتا ہے۔ خیال رہے کہ امتیاز علی دپیکا پدوکون کے ساتھ محبت آج کل، کاک ٹیل اور تماشا جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔