لاہور:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اپنے تمام سیاسی تماشوں کی ناکامی کے بعد اب لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں، اپنے گندے سیاسی کاروبار کے لئے یہ شخص کتنی ماؤں کی گودیں اجاڑے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ عمران نیازی ملک کا امن و امان خراب کرنے پر تلا ہوا ہے، اس نے اپنے اقتدار کے خاتمے پر سائفر کا ڈرامہ رچایا جو ملک کی خارجہ پالیسی اور سفارتی تعلقات پر اثر انداز ہوا، اب وہ سائفر کے معاملے پر امریکہ سے معافیاں مانگ رہے ہیں اور صفائیاں پیش کر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے ماڈل ٹان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ عمران خان ملک میں افراتفری اور ملک کو آگ لگانا چاہتا ہے، تحریک عدم اعتماد کے وقت جب عمران خان کا اقتدار اس کے اپنے ہاتھ سے نکلنے لگا تو اس نے سائفر سے کھیلنے کا منصوبہ بنایا
انہوں نے کہا کہ اسے کوئی سرو کار نہیں تھا کہ اس خطرناک کھیل سے پاکستان کی خارجہ پالیسی اور سفارتی تعلقات کو کتنا نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اقتدار کی خاطر عمران خان نے ملک کو آگ کی طرف دھکیلا، اس نے کہا کہ سائفر کے ساتھ کھیلنا ہے،
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئین پاکستان کا ہے عمران خان کا نہیں، عمران خان سائفر کے کھیل پر آج تک امریکہ سے معافیاں مانگ رہے ہیں، ان کی عالمی سازش کا ڈرامہ امریکہ سے ہوتا ہوا محسن نقوی تک پہنچ گیا۔ عمران خان اب کہہ رہے ہیں کہ امریکہ کی کوئی سازش نہیں تھی، ہماری حکومت امریکہ نے نہیں گرائی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اس سارے معاملے پر مایوسی ہوئی کیونکہ اس سے ملک میں افراتفری نہیں پھیلی، پھر عمران نیازی نے کہا کہ ملک کے چار ٹکڑ ے ہو جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ شخص ہے جو ڈی چوک میں قبریں کھودتا تھا، جس نے پی ٹی وی پر حملہ کیا، پولیس والوں کے سر پھاڑے۔ انہوں نے کہا کہ سائفر کی کہانی میں ناکامی کے بعد عمران خان نے امپورٹڈ حکومت، رجیم چینج کا تماشا عوام کے سامنے پیش کیا تھا۔
مزید پڑھیں:پی ڈی ایم کا کے پی میں قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ
انہوں نے وزارت خارجہ کو اس مقصد کے لئے استعمال کیا، عمران خان نے جب دیکھا کہ اس کا اقتدار جانے والا ہے تو آرمی چیف کو بند کمرے میں ملازمت میں توسیع کی پیشکش کی، جب اس پر بھی بات نہیں بنی تو اسمبلی توڑ دی، آئینی عہدوں سے آئین شکنی کروائی۔