عمران ریاض پھر گرفتار، اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج، حج سے کیوں روکا گیا؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

عمران ریاض
(فوٹو: انڈپینڈنٹ اردو)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

معروف یوٹیوبر اور صحافی عمران ریاض خان پھر گرفتار ہو گئے جبکہ گرفتاری لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی گئی ہے۔ سوال یہ ہے کہ عمران ریاض کو حج پر جانے سے کیوں روکا گیا؟

تفصیلات کے مطابق ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے بدھ کے روز لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں گزشتہ شب لاہور ائیرپورٹ کے راستے سے مبینہ طور پر حراست میں لیے جانے کا اقدام عدالت میں چیلنج کیا گیا۔ درخواست کے مطابق وفاقی اور صوبائی اداروں کو عمران ریاض کی گرفتاری مطلوب نہیں تھی۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ اداروں نے عمران ریاض کے خلاف تفصیلات جمع کرائیں۔ نیب، ایف آئی اے، پنجاب پولیس اور اینٹی کرپشن نے رپورٹ میں کہا کہ متعلقہ اداروں کو کسی مقدمے یا انکوائری میں عمران ریاض مطلوب نہیں تھے لیکن حج پر جاتے ہوئے عمران ریاض کو متعدد اہلکاروں نے حراست میں لے لیا۔

ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ عمران ریاض خان کی بازیابی کے احکامات جاری کیے جائیں اور اگر کسی مقدمے میں گرفتاری کی گئی ہے تو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔ عدالت پولیس، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو گرفتاری کی وجوہات فراہم کرنے کا حکم دے۔

حج پر جانے سے روکا گیا؟

اس سے قبل بھی رواں ماہ عمران ریاض کو حج کی ادائیگی کیلئے جاتے ہوئے جہاز میں سوار نہیں ہونے دیا گیا۔ لاہور پولیس تاحال عمران ریاض خان کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کر رہی ہے۔ عمران ریاض کے دوست علی اشفاق کا کہنا ہے کہ عمران ریاض کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے خلاف لے جایا گیا۔

علی اشفاق نے ایس پی لاہور کینٹ پر عمران ریاض کی خلافِ قانون گرفتاری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عمران ریاض کی گرفتاری کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی گئی اور نہ ہی مقدمے کا بتایا جارہا ہے۔ گرفتاری سے چند گھنٹے بعد تھانہ نصیر آباد سے محرر نے عمران ریاض کے کپڑے پہنچا دینے کی بات کی۔

عمران ریاض کا قصور

بطور یوٹیوبر عمران ریاض خان کا قصور کیا ہے، وہ ان کے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے جبکہ پنجاب حکومت کے ہتکِ عزت قانون اور سوشل میڈیا پر وفاقی حکومت کی جانب سے فائر وال لگانے کی مبینہ اطلاعات سے صاف پتہ چلتا ہے کہ حکومت صحافی برادری کو کن حدود و قیود میں دیکھنا چاہتی ہے۔

Related Posts