لودھراں: پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عمران خان صوبائی اسمبلیاں توڑنے کا خطرہ مول نہیں لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لودھراں میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب عمران خان نے الیکشن کروانے کا اپوزیشن مطالبہ تسلیم نہیں کیا تو ہم کیسے تسلیم کریں؟
عمران خان کیطرف رہنمائی کیلئے اللہ نے باجوہ کو ہماری طرف بھیجا، پرویز الٰہی
گفتگو کے دوران سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اگر عمران خان بات کرنا چاہتے ہیں تو غیر مشروط طور پر مذاکرات کی میز پر بیٹھیں تاکہ کوئی راستہ نکلے۔ عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا رسک نہیں لینگے۔
سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ اگر اسمبلیاں توڑیں تو انتخابات صرف 2 صوبوں میں ہونے ہیں۔ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
وزیر اعلیٰ پر تنقید کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جو وزیر اعلیٰ ایک مقدمہ تک درج نہ کروا سکا، اسمبلی کیسے تحلیل کرسکتا ہے؟ عمران خان کا جھوٹا بیانیہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ تحریکِ انصاف نے ن لیگ اور پی پی پی کا میڈیا ٹرائل کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کی باری آئی تو فوری الیکشن کا مطالبہ کردیا تاکہ ان کی باتیں باہر نہ آئیں۔ ہمیں چھوٹے چھوٹے کیسز میں 10،10 سال قید بھگتنی پڑی۔ ان کے مقدمات تو بڑے بڑے ہیں۔ اس لیے پی ٹی آئی کو خوف ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو غلط فہمی ہے کہ اگر انتخابات ہوئے تو 2 تہائی اکثریت مل جائے گی۔ اتحادی جماعتوں کا اپنے اپنے علاقوں میں بڑا اثر و رسوخ ہے۔ آئندہ بھی جو حکومت بنے گی، وہ مخلوط ہوگی۔