اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں بحران پیدا کرنے کے لیے پورا زور لگا رہے ہیں، وہ حالات کو سبوتاژ کرنے کے لیے جو کچھ کر رہے ہیں اس کا احتساب کیا جائے گا۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی ملک کسی اور پر معاشی طور پر انحصار کرتا ہے تو اس کی سیاسی آزادی غیر متعلقہ ہو جاتی ہے، خودمختاری اور آزادی خود انحصاری کے بغیر نہیں ہو سکتی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں جب انہوں نے اس حقیقت پر اپنی رائے کا اظہار کیا بلکہ کئی دہائیوں سے ان کی یہی رائے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم دعویٰ کرتے تھے کہ وہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کے بجائے ”خودکشی“ کر لیں گے، پھر جب ان کی حکومت نے آئی ایم ایف سے انہیں مالی بحران سے نکالنے کا کہا تو انہوں نے ایسا کیوں نہیں کیا۔
اپوزیشن لیڈر نے واضح کیا کہ ان کا بیان عام فہم ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت نے اسے توڑ مروڑ کر استعمال کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یہ دعویٰ کرتے تھے کہ ان کے یورپ، امریکہ اور بھارت سے اچھے تعلقات ہیں، ان کے اچھے تعلقات سے کیا فائدہ ہوا؟ پاکستان میں ریکارڈ مہنگائی ہوئی، ریکارڈ قرضے اور روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے آٹے کا شدید بحران، چینی کا بحران اور گیس کی قلت دیکھی جیسا کہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم آزاد ریاست کے طور پر رہنا چاہتے ہیں تو ہمیں بھیک مانگنے کا کٹورا توڑنا ہو گا۔
انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ عمران خان شکست کا سامنا کرنے کے بجائے اپنی توانائیاں حالات کو خراب کرنے میں لگا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے،فوری الیکشن کا اعلان کرے، وزیر داخلہ