اسلام آباد: خاتون جج کو دھمکیاں دینے کے کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان پر فردِ جرم آج عائد کی جائے گی جس کیلئے عدالت کو جانے والے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر الزام ہے کہ اپنی ایک تقریر کے دوران انہوں نے خاتون جج کو دھمکایا جس پر دہشت گردی کا مقدمہ دائر کیا گیا، تاہم عدالت نے دہشت گردی کی دفعات خارج کرنے کا حکم دیا تھا۔
ہفتے سے تحریک شروع، ملک کو آزاد کراؤں گا، عمران خان
خاتون جج کو دھمکیاں دینے کے کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے عدلیہ کے نرم رویے کے باوجود کھل کر معذرت نہیں کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بینچ آج عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کیس کی سماعت کرے گا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت آج دن ڈھائی بجے ہوگی۔ عدالت نے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کو سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روزسے ہی تیاریاں شروع کردیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ہائیکورٹ میں داخلہ رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط کیا گیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان کو کمرۂ عدالت میں اپنا مؤقف پیش کرنے کی اجازت دی جائے گی۔