پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر مذاکرات کی اگلی نشست تک جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نہ کی گئی تو پھر وہ مذاکرات کے عمل کو آگے نہیں بڑھائیں گے۔
بدھ کو اڈیالہ جیل میں میڈیا اور وکلا ٹیم سے گفتگو کے دوران قوم کے نام جاری پیغام میں سابق وزیراعظم عمران خان کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر پر شفاف جوڈیشل کمیشن بننا ناگزیر ہے اور میں اس واقعے کو تب تک بھولنے نہیں دوں گا جب تک مظلوموں کو انصاف نہ مل جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو آج پورے 6 ہفتے ہو گئے لیکن ہمارے کئی لوگ ابھی تک گمشدہ ہیں جبکہ وہ ڈی چوک اسلام آباد سے غائب کیے گئے ہیں کسی قبائلی علاقے سے نہیں۔
دوست کی مدد سے گھر سے 80 لاکھ روپے چوری کرنے والی بیٹی گرفتار
عمران خان نے کہا کہ حکومت ان کو کسی عدالت میں پیش کر رہی ہے نہ ہی ان کو تلاش کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حکومت ہمارے مطالبات اور مذاکرات کے سلسلے میں کتنی سنجیدہ ہے، ہم نے آج گمشدہ افراد کے معاملے پر کمیٹی بنا دی ہے جس کی سربراہی سینیئیر وکیل قاضی انور کریں گے۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ 26 نومبر کو ہمارے لوگوں کو سیدھی گولیاں مارنے، 64 لوگوں کو زخمی اور 14 لوگوں کو شہید کرنے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں اپنی پارٹی کے لوگوں کو تلقین کرتا ہوں کہ ہمارے مسنگ پرسنز کا معاملہ ہر سطح پر اٹھائیں، یہاں تحقیقات تو کیا ہونی ہیں الٹا انہی مظلوم افراد کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔