وہ وقت جب عمران خان نے اپنا نام ای سی ایل میں ڈالنے پر تشکر کا اظہار کیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

عمران خان
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: آج سے ٹھیک 1 سال قبل 26 مئی 2023 کو  بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام ڈالنے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری ملک سے باہر کوئی جائیداد نہیں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے پیغام میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میری بیرون ملک کوئی جائیداد اور کاروبار نہیں۔ ملک سے باہر میرا کوئی بیرون ملک بینک اکاؤنٹ تک نہیں ہے اور میں باہر جانا نہیں چاہتا۔

ٹوئٹر پیغام میں عمران خان نے مزید کہا کہ میرا باہر جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ ای سی ایل میں نام ڈالنے پرحکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اگر کبھی چھٹیوں پر بھی جانا ہوا تو پاکستان کے شمالی علاقوں میں جاؤں گا جو دنیا میں میری سب سے پسندیدہ جگہ ہے جس کے بعد سے عمران خان تاحال پاکستان میں ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس مئی کے دوران ملک کے سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں کے تناظر میں بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا گیا تھا اور آج بھی عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنما مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

گزشتہ برس مئی کے دوران سامنے آنے والی بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق خاتون اول بشریٰ بی بی، قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر، مراد سعید، حماد اظہر اور پی ٹی آئی کے 600 سے زائد رہنماؤں کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کردیے گئے تھے۔ عمران خان نے اس اقدام پر حکومت کا شکریہ ادا کیا تھا۔

Related Posts