اسلام آباد: نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے لانگ مارچ میں عمران خان کو تاریخی شکست سے دوچار کیا، اب انقلاب ضمانتیں کروا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ مدت پوری کرکے ہی الیکشن کی طرف جائیں گے۔
نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہرانا ثناء راہ دیکھ رہے ہیں یہ لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں، جب یہ جھتہ اسلام آباد کا رخ کرے تو ہم انہیں بتا دیں کہ ہم ان کے دباؤ میں نہیں آنے والے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اسلام آباد پر حملہ آور ہوئے۔ رانا ثنا اللہ نے لانگ مارچ میں عمران خان کو تاریخی شکست سے دوچار کیا، اب انقلاب ضمانت لے کر سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان نے ہمارے لیے بارودی سرنگیں چھوڑی ہیں۔ ان کے بڑے لیڈر ساتھی کہہ رہے ہیں کہ عمران خان پاگل دمی ہے، عمران خان جانتے تھے کہ وہ جانے والے ہیں انہوں نے جان کر بیرونی سازش کا ڈرامہ رچایا۔
نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا ہے کہ بنی گالہ کا نام منی گالہ ہونا چاہیئے، ایک تالہ کھلوانے کے لیے خاتون اول کو پانچ قیراط ہیرا دے دیا، آپ ہیرے پہنیں ساری انگلیوں میں پہنیں مگر اپنے پیسوں سے عوام کے پیسوں سے نہیں۔
نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کو حل کر لیں گے، ہمیں 20 یا 22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ والا پاکستان ملا، ہم نے 2018 میں زیرو لوڈ شیڈنگ کا ملک دیا، آئی سی یو میں پاکستان کو پھینک کر گئے ہیں، ایسا بوجھ ڈال کر گئے جس کو اٹھانے کی پاکستان میں ہمت نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ملک ریاض نے پیسے دیے انہیں جواب دے ہونا چاہیئے، سوال ان سے کرنا چاہئے جس نے میرٹ کے بجائے پیسے دے کر کام کروانے کا کلچر پرموٹ کیا، سوال ان سے کیا جائے جس نے پورا صوبہ فرح گوگی کے حوالے کردیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو عوام کی تکالیف کا احساس ہے، عمران خان کے وزرا کہتے تھے چینی کم کر دیں، روٹی کم کھائیں، ہم ایسا نہیں کہہ رہے، وزیراعظم معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، وزیر اعظم ایسے شخص ہیں جن کوعوام کا درد ہے، مجھے وزیراعظم کو مشورہ دینے کی ضرورت نہیں۔
نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ جو بھی ریٹائرڈ فوجی حضرات ہیں اگر وہ اپنے ادارے کے ساتھ وفادار نہیں کسی کے کہنے پر ادارے میں تفریق پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں تو افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس ادارے نے انہیں عزت دی اور آج عمران خان کے کہنے پر اسے برا بھلا کہیں تو افسوسناک ہے، میرا مشورہ ہے کہ اگر ایسا ہی کرنا ہے تو اپنے ادارے کے رینکس اتار کر ادارے کو واپس کریں اور کسی سیاسی جماعت کے ساتھ الحاق کا اظہار کریں۔
مزید پڑھیں:ملک ریاض نے خود سے منسوب آڈیو کو جعلی قرار دے دیا