اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت تبدیلی کے سہولت کار اپنے ادارے میں رجیم چینج نہیں ہونے دیں گے جبکہ ارشد شریف کو ملک چھوڑنے کا مشورہ میں نے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اخبار کو دئیے گئے اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ارشد شریف کو ملک چھوڑنے کا مشورہ میں نے دیا اور کسی بھی فورم پر بلایا جائے، اس معاملے کی تمام تفصیلات منظرِ عام پر لاؤں گا۔
فیصل واؤڈا کی پارٹی رکنیت معطل، شوکاز پرردِ عمل سامنے آگیا
بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ تحریکِ انصاف اسلام آباد کی جانب جو لانگ مارچ کرنے والی ہے، وہ پر امن ہوگا۔ جب ہم اسلام آباد پہنچیں گے تو تعداد سے پتہ چلے گا کہ پاکستانی قبل از وقت انتخابات کے خواہاں ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج ساری دنیا کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ پاکستان کوئی بنانا ری پبلک نہیں۔ سیاسی رجیم چینج کے ہینڈلرز اپنے ادارے میں تبدیلی نہیں ہونے دیں گے۔ بصورتِ دیگر عوامی مینڈیٹ کی اہمیت ختم ہوجائے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سابق وفاقی وزیرِ آبی امور فیصل واؤڈا کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ غیر معمولی لڑائیوں میں پیادے اپنی اوقات سے بڑھ کر کام کرتے ہیں۔واضح رہے کہ پارٹی قیادت کے بیانات کے مطابق فیصل واؤڈا کی پی ٹی آئی رکنیت عمران خان کے حکم پر معطل کی گئی ہے۔