کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ایک بدترین حکمران کےطور پر یاد رکھا جائے جنہوں نے احتساب کا نعرہ لگا کر ملک میں کرپشن کو فروغ دیا ہے۔
شہر قائد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر کرپشن کے جھوٹے الزامات کی رٹ لگانے والوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالا گیا تو بدعنوانی کی ہوشربا داستانیں سامنے آئیں گی۔ صرف عمران خان کے خلاف صرف فارن فنڈنگ کے ایک کیس کا فیصلہ آجائے تو قومی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہوسکتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے شروع میں ہی بتا دیا تھا کہ حکومت ، نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چلتے ہیں، مگر عمران خان نہیں مانے اور ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹیں لہرا لہرا کر سب کو کرپٹ کہتے تھے اور آج وہی ادارہ کہہ رہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے سب سے زیادہ لوٹ مار کی ہے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ عمران خان کے سرمایہ دار دوستوں کی لوٹ مار کا خمیازہ عوام مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تھانہ سہالہ کی حدود میں ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار