عمران خان کی روف حسن کے معاملے پر پارٹی کو اہم ہدایت

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فوٹو عرب نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ رؤف حسن کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس کا مطلب ہے کہ نظام ڈنڈے سے چلایا جا رہا ہے، پارٹی تیار رہے رؤف حسن کے معاملے پر اب ہم سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے مختلف واقعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں اور جانوروں کے معاشرے میں فرق ہوتا ہے، انسانوں کا معاشرہ لوگوں کے دل جیت کر چلایا جاتا ہے۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے سمجھا تھا کہ ہم الیکشن سے بھاگ جائیں گے، اسلام آباد کا ریٹرننگ افسر بھاگا ہوا ہے، پٹن کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی اسلام اباد کی نشستیں 50 ہزار کی لیڈ سے جیتی ہوئی تھی۔

موقر آج نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں ٹربیونل ہی نہیں بنایا جارہا ہے، یہ ڈرے ہوئے ہیں کہ حلقے نہ کھل جائیں، 3 ماہ ہو گئے ہیں، ٹربیونلز سے فیصلے آنے چاہیئے تھے، میڈیا کا منہ بند کرنے کے لیے فارم 47 کی وزیراعلی نے عزت کا قانون پاس کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں خوف کے ذریعے سب کچھ چلایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کو جلسے تک کی اجازت نہیں دی جا رہی، خیبر پختونخوا میں کسی مخالف پر کوئی کیس کیا یا ہم نے کسی کو جیل میں ڈالا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ رؤف حسن پر حملے کے واقعہ کے پیچھے کون ہے، رؤف حسن کے ساتھ جو ہوا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ نظام ڈنڈے کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی تیار ہوجائے رؤف حسن کے معاملے پر سڑکوں پرنکلیں گے، ہماری برداشت ختم ہو رہی ہے اور ہم سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملکی حالات کی وجہ سے سڑکوں پر نہیں نکل رہے تھے، معیشت اس قابل نہیں کہ احتجاج برداشت کرسکے، اب کوئی بھی نقصان ہوا تو یہ خود ذمہ دار ہوں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پارٹی تیار رہے ہم اسمبلی اور بجٹ اجلاس نہیں چلنے دیں گے، شہباز شریف کہہ رہا ہے کہ مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے، مشکل فیصلے تب ہوتے ہیں جب لیڈر قربانیاں خود سے شروع کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف شہباز شریف اور زرداری بیرون ملک رکھے گئے اربوں روپے واپس لے کر آئیں، قوم بہت قربانی دے چکی اب قوم پہلے آپ سے قربانی چاہے گی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ تمام کیسز براہ راست نشر کیے جائیں، قوم کو پتہ لگے چوری کس نے کی، غداری کا بھی کیس چلانا ہے تو چلائیں پھانسی کے لیے بھی تیار ہوں، ججز پر جو خوف تھا وہ اترتا جا رہا ہے۔

نواز شریف سے کسی قسم کی ڈیل کا تاثر مسترد کرتے ہوئے بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چوہدری نثار کے ساتھ نواز شریف سے ملاقات ہوئی تھی، نواز شریف نے سمجھ لیا کہ میرے ضمیر کی قیمت صرف ایک سڑک ہے۔

Related Posts