چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خلاف درج 121 مقدمات پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں سیکریٹری داخلہ، وزارتِ قانون، وزیر اعظم شہباز شریف، پیمرا، الیکشن کمیشن، ایف آئی اے، آئی جی پنجاب، اینٹی کرپشن اور سیکریٹری کیبنٹ ڈویژن کو فریق بنایا گیا۔
سراج الحق حکومت اور عمران خان کے مذاکرات کیلئے متحرک
چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم نے اپنی درخواست میں چیف سیکریٹری، قومی احتساب بیورو (نیب) اور دیگر کو بھی فریق بنایا۔ درخواست میں عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھ پر کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں 121 مقدمات درج کیے گئے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کا اپنی درخواست میں کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے سپورٹرز کو گرفتار اور نظر بند کیا جارہا ہے۔ نگراں صوبائی حکومت انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔ جب تک میری درخواست کا فیصلہ نہ ہوجائے، عدالت درج مقدمات میں کارروائی کو روکے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا درخواست میں لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کرتے ہوئے کہنا ہے کہ عدالت حکومت کو پہلے سے درج مقدمات میں تادیبی کارروائی سے روکے، بغیر نوٹس فوجداری کارروائی سے روکنے کا حکم بھی جاری کیا جائے۔