کراچی: بینک دولت پاکستان نے ایکسچینج کمپنیوں کی جانب سے بیرونی کرنسی کی لین دین میں شفافیت بڑھانے اور نقد بیرونی کرنسی کے ناجائز بیرون ملک بہاؤ کو روکنے کے لیے مندرجہ ذیل ضوابطی اقدامات متعارف کرائے ہیں۔
i۔ افغانستان کا سفر کرنے والے افراد کو صرف ایک ہزار امریکی ڈالر فی کس فی وزٹ لے جانے کی اجازت ہوگی اور زیادہ سے زیادہ سالانہ حد 6000 امریکی ڈالر ہوگی۔
ii۔ پانچ سو امریکی ڈالر اور زائد کے مساوی تمام بیرونی کرنسی کی فروخت کی ٹرانزیکشنز اور بیرون ملک بھیجی جانے والی ترسیلات زر کے لیے ایکسچینج کمپنیوں کو بایومیٹرک تصدیق کرنی ہوگی۔ یہ شرط 20 اکتوبر 2021ء سے لاگو ہوگی۔
iii۔ ایکسچینج کمپنیاں دس ہزار امریکی ڈالر اور زائد کے مساوی نقد بیرونی کرنسی کی فروخت اور بیرون ملک ترسیلات زر بھیجنے کا عمل صرف چیک کے ذریعے وصول ہونے والی رقوم کے عوض یا بینکاری چینلز کے ذریعے کریں گی۔
ان ضوابطی اقدامات سے ایکسچینج کمپنیوں کی جانب سے بیرونی کرنسی کی فروخت کی دستاویزیت بہتر ہوگی اور بیرونی کرنسی کے ناجائز طور پر ملک سے باہر جانے کو روکا جاسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں : طالبان کا افغان شہریوں کو دوبارہ پاسپورٹ جاری کرنے کا عندیہ