متحدہ اپوزیشن پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو مصالحت کی پیشکش کردی۔
نجی میڈیا کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے جمعرات کو ڈپٹی سپیکر رولنگ کیخلاف ازخود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آتے ہی پی ٹی آئی کو مصالحت کی پیشکش کی تاکہ انتخابی اصلاحات میں تمام سیاسی جماعتوں کی مرضی شامل کی جا سکے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت کے بعد یہ پیشکش کی ہے جو صرف انتخابی اصلاحات تک محدود ہے لیکن اگر پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے کسی اور ضمن میں بھی تعاون پر رضامندی کا اظہار کیا گیا تو اس پر بعد میں غور و فکر کیا جائے گا۔
مزید برآں ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ آنے کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل آج ہی مستعفی ہو سکتے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمااور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار رواں ماہ کے آخر تک وطن واپس پہنچیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 3 ماہ پہلے کہتا تھا استعفے دے دو یا اسمبلی توڑ دو، شیخ رشید