لاہور:امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پہلے بل جلاتی تھی اب 22کروڑ عوام کے دل جلا رہی ہے،پی ٹی آئی کے ڈھائی سالہ دور حکومت میں ملک و قوم کو ایک پل کا سکھ نصیب نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا قرض ملک اور عوام کے لیے سب سے بڑا مرض بن چکاہے، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نے عوام کو دن میں تارے دکھا دئیے ہیں، مغرب کے فنڈ سے چلنے والی این جی اووز مدارس کا امیج خراب کرنے میں دن رات مصروف ہیں۔
حکومت اس بات کا فوری نوٹس لے،تمام مسائل کا حل اللہ کے نظام کے نفاذ میں موجود ہے، جماعت اسلامی اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نظام کی جدوجہد کر رہی ہے،قوم نے سب کو آزما لیا اب جماعت اسلامی بہترین آپشن ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع احیاء العلوم کی تقریب ختم بخاری سے بلامبٹ تیمرگرہ دیر پائیں میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر ضلع اعزاز الملک افکاری بھی موجود تھے۔مہنگائی کے سونامی نے لوگوں کو رونے پر مجبور کردیاہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں آٹا، شوگر، لینڈ، ڈرگ، چینی، پیٹرول اور گھی مافیا اپنے عروج پر ہے۔ وزیر اعظم کے بیانات کہ ”مہنگائی و ذخیرہ اندوزمافیا کو نہیں چھوڑوں گا“صرف دعوے ثابت ہوئے ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اب تک مافیاز عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈال چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بجلی و پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عوام کے اوسان خطا ہو چکے ہیں۔ بجلی کے بل بڑھنے سے عوام کے دل جل رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اڑھائی برسوں میں ملکی و غیر ملکی قرضوں میں بے تحاشا اضافہ ہواہے۔
حکومت نے دو ہزار ارب روپے کے نئے کرنسی نوٹ جاری کر مہنگائی کی طرف ایک اور قدم اٹھایا ہے۔امیر جماعت نے کہا کہ پہلے سالانہ بجٹ آتا تھا اب روزانہ بجٹ آتا ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 70%اضافہ ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی نے پاکستان کو بہت ساری نعمتوں اور وسائل سے نوازا ہے۔بلوچستان پاکستان کا معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے لیکن حکومتوں کی نااہلی، اقرباپروری، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے بلوچستان کے عوام کو محرومیاں دیکھنے کو ملی ہیں۔