راولپنڈی:راولپنڈی کینٹ بورڈ وارڈ نمبر 1 گلی نمبر 20 میں پانی کے غیرقانونی کنکشنز دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹ واٹر ڈیپارٹمنٹ کے انسپکٹر نے وارڈ نمبر ایک اور گلی نمبر 20 میں علاقہ مکینوں کو پانی کے غیر قانونی کنکشن کرنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔
علاقہ انسپکٹر فی کنکشن دس ہزار روپے وصول کر رہا ہے جبکہ غیر قانونی پانی کے کنکشنز کی وجہ سے روزانہ ہزاروں گیلن پانی ضائع ہو رہا ہے،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہم نے باقاعدہ طور پر بینک میں پیسے جمع کر پانی کے کنکشن لگوائے جبکہ متعلقہ انسپکٹر نے رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
گلیوں میں جا بجا غیرقانونی کنکشن کا روزانہ کی بنیاد پر نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے جبکہ غیر قانونی کنکشن روکنے کے خلاف ہم نے متعدد درخواستیں بھی دے رکھی ہیں لیکن تاحال اس پر کسی قسم کا کوئی عمل درآمد نہ ہو سکا۔
ہم اہل علاقہ اسٹیشن کمانڈر کینٹ اعجاز کیانی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غیر قانونی پانی کے کنکشن کاٹ دیئے جائیں اور نئے کنکشن قانون کے مطابق دیے جائیں اور جو پانی ان غیر قانونی کنکشنز کی وجہ سے ضائع ہو رہا ہے اس کی فوری طور پر روک تھام کی جائے۔