اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کی اپیل پر سماعت آج ہوگی، گزشتہ سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل کی ناسازئ طبیعت کے باعث ملتوی کردی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ عمران خان کی اپیل کی سماعت آج کرے گی۔ گزشتہ سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل پیش نہیں ہوسکے۔ عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ اگر وکیل پیر تک صحتیاب نہ ہوں تو متبادل انتظام کیا جائے۔
اقتدار میں آکر بجلی کا بل وصول نہیں کریں گے، علیم خان
گزشتہ سماعت جمعہ کے روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی تھی جو الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کی استدعا پر بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کی گئی تھی۔
معاون وکیل کا کہنا تھا کہ امجد پرویز دستیاب نہیں ہوسکیں گے، ڈاکٹر نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو 2 دن کا آرام تجویز کیا ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ یہ ضمانت کا معاملہ تھا، دلائل 10 سے 15 منٹ میں مکمل ہوجاتے۔
عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 20 روز سے ایک شخص جیل میں ہے۔ معاون وکیل بھی وکالت نامے کے حامل ہیں، وہ دلائل دے سکتے ہیں۔ جونیئر جج جیل بھیج دیتا ہے، یہ پیش نہ ہوں تو کیا سزا معطل نہیں کی جاسکتی؟
چیف جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ آج ہم بھی وہ کام کرسکتے ہیں جو ٹرائل کورٹ کرچکی۔ ہم سسٹم کو چلائیں گے۔ ٹرائل کورٹ کا فعل ایڈمنسٹریٹو سائیڈ پر دیکھا جائے گا۔ سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کررہے ہیں۔