اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی دہشت گردی، اقدام قتل اور توڑ پھوڑ کے الزامات کے تحت درج 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت میں توسیع کردی۔
عمران خان سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی سربراہ وہیل چیئر پر کمرہ عدالت پہنچے۔
عدالت نے عمران خان کی دو مقدمات میں 9 مئی تک عبوری ضمانت منظور کرلی جب کہ دہشت گردی کے سات مقدمات میں ان کی حفاظتی ضمانت میں 14 مئی تک توسیع کردی۔
عدالت نے انہیں دس روز میں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا بھی حکم دیا، عدالت کی ہدایت پر عمران خان خود اسلام آباد ہائیکورٹ میں موجود تھے۔ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے لیے صبح لاہور سے روانہ ہوئے تھے۔
سماعت کے آغاز پر بیرسٹر صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کے خلاف 140 مقدمات درج ہیں۔ ہم نے ان تمام مقدمات میں ضمانت کی درخواست کی ہے جو ہمارے علم میں تھے۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل کو تفتیش میں شامل ہونے کے لیے ایک دن مقرر کیا جائے۔
خیال رہے کہ عمران بدھ کو لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے دوران انجری کی وجہ سے اسلام آباد نہیں جا سکے تھے۔ ان کی ٹانگ میں شدید درد کی وجہ سے ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔