عمر اور زندگی میں اضافہ انسان کی قدیم دور سے بڑی خواہش رہی ہے، اس سلسلے میں انسان شروع سے ہی طرح طرح کی تدابیر کرتا رہا ہے، اب اس حوالے سے نئی تحقیق سامنے آئی ہے۔
دو لاکھ بیس ہزار سے زیادہ افراد پر کی گئی ایک تحقیق، جس میں مکھن کے مقابلے میں سبزیوں کے تیل کے استعمال پر توجہ مرکوز کی گئی تھی، سے اس نتیجے پر پہنچا گیا ہے کہ سبزیوں کے تیل انسانی جسم کے لیے مکھن سے زیادہ فائدہ مند ہیں۔ سبزیوں کا تیل خاص طور پر دائمی بیماریوں سے بچاؤ اور عمر میں اضافہ کرنے میں معاون ہے۔ ویب سائٹ “نیو اٹلس” کے مطابق JAMA Internal Medicine جریدے نے کہا ہے کہ اپنی خوراک میں معمولی تبدیلی کرنا عمر بڑھانے کے آسان ترین طریقوں میں سے ایک ہو سکتا ہے۔
سبزیوں کے تیل کا اثر
بہت سے لوگ پہلے ہی جانتے ہیں کہ مکھن مکمل طور پر صحت بخش غذا نہیں ہے اور اب ہارورڈ یونیورسٹی، میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور برائگھم اینڈ ویمنز ہسپتال کے محققین کی جانب سے کی گئی ایک نئی تحقیق نے واضح کیا ہے کہ اس کا استعمال عمر پر کیسے اثر انداز ہوتا ہے اور سبزیوں کے تیل اس کے بالکل برعکس کیسے کام کرتے ہیں۔
نئی تحقیق میں محققین نے 30 سال کے سائنسی طور پر جانچے گئے رپورٹس سے حاصل کردہ اعداد و شمار کا جائزہ لیا۔ محققین نے نتیجہ اخذ کیا کہ جن لوگوں نے سب سے زیادہ مکھن کھایا ان میں سب سے کم مکھن کھانے والوں کے مقابلے میں موت کا خطرہ 15 فیصد زیادہ تھا۔
اس کے برعکس انہوں نے دریافت کیا کہ جن لوگوں نے سب سے زیادہ سبزیوں کے تیل، خاص طور پر زیتون کا تیل، کینولا کا تیل اور سویا بین کا تیل، استعمال کیا تھا ان میں سب سے کم مکھن کھانے والوں کے مقابلے میں موت کا خطرہ 16 فیصد کم تھا۔
روزانہ 10 گرام
محققین کی ٹیم نے یہ بھی دریافت کیا کہ سبزیوں کے تیل میں روزانہ 10 گرام اضافے کے بدلے میں کینسر سے موت کے خطرے میں 11 فیصد کمی اور قلبی امراض سے موت کے خطرے میں 6 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ دوسری جانب محققین نے ہر 10 گرام روزانہ مکھن کھانے کے بدلے میں کینسر سے موت کے خطرے میں 12 فیصد اضافہ دیکھا۔ تحقیق میں استعمال کیا جانے والا مکھن تمام ذرائع سے حاصل کیا گیا تھا۔
محققین نے پھر ایک متبادل تجزیہ کیا جس سے ظاہر ہوا کہ روزانہ کی خوراک میں مکھن کو سبزیوں کے تیل سے بدلنا موت کے خطرے کو کیسے متاثر کر سکتا ہے۔ انہوں نے نتیجہ اخذ کیا کہ روزانہ صرف 10 گرام مکھن کو سبزیوں کے تیل کی اتنی ہی مقدار سے بدلنا کینسر سے ہونے والی اموات اور مجموعی اموات کی شرح کو 17 فیصد تک کم کر دے گا۔
دونوں میں بنیادی فرق
دونوں قسم کی چکنائیوں میں بنیادی فرق یہ ہے کہ سبزیوں کے تیل میں غیر سیر شدہ فیٹی ایسڈ کی مقدار مکھن کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔ مکھن سیر شدہ فیٹی ایسڈ سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہ بات معلوم ہے کہ سیر شدہ چکنائیاں خون میں خراب کولیسٹرول LDL کی سطح میں اضافے کی وجہ سے دل کی بیماریوں اور فالج کے خطرے میں اضافے سے منسلک ہیں۔
اموات کی تعداد میں کمی
محقق ڈاکٹر ڈینیئل وانگ نے کہا ہے کہ کچھ لوگ شاید یہ سوچنا چاہیں گے کہ خوراک میں ایک معمولی تبدیلی – مکھن کو سویا بین کے تیل یا زیتون کے تیل سے بدلنا – طویل مدت میں صحت کے بڑے فوائد کا باعث بن سکتی ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ عوامی صحت کے نقطہ نظر سے یہ کینسر یا دیگر دائمی بیماریوں سے ہونے والی اموات کی ایک ایسی بڑی تعداد کی نمائندگی کرتا ہے جن سے بچا جا سکتا ہے۔