کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون وترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اگر کراچی میں کوئی سائیکلون آیا تو ہم سڑکوں پر موجود ہوں گے اور نیک نیتی کے ساتھ کام کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک آٹھ سے نو گھنٹے کراچی میں مسلسل بارش ہوئی ہے جس نے ڈرینیج کے نظام کو چیلنج کیا،ہم نے اپنی تیاری کی ہوئی تھی تاکہ شہریوں کو کم سے کم تکالیف ہوں، ابھی تک کراچی کی صورتحال قابو میں ہے اور ان شا اللہ بھر پور اقدامات کی وجہ سے شہرکی صورتحال بہتر رہے گی۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز فریئر ہال میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے کہی، میٹروپولیٹن کمشنرسید افضل زیدی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بارش کوتو ہم نہیں روک سکتے لیکن بارش کے بعد ریلیف کا کام کرسکتے ہیں اور کر رہے ہیں، کل سے لیکرابھی تک کراچی میں کہیں بھی نکاسی آب کا مسئلہ نہیں ہوا، ماضی میں ہلکی بارش سے انڈربائی پاس پانی سے بھر جاتے تھے۔
تمام عملہ رات بھر سڑکوں اور شہر کے مختلف مقامات پر موجود رہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے سے پلان کرلیا تھا کہ کس جگہ مشینری کی ضرورت ہے ہم نے 16 بڑے پمپس کراچی کی مختلف مقامات میں لگادیئے تھے۔
واٹربورڈ کی مشینری پانی جمع ہونے کے بعد کارساز سے نکلتی تھیں، ہم نے بدھ کے روز سے ہی ضلع میں واٹربورڈ کی مشینری کھڑی کردی، انہوں نے کہا کہ سینٹری ورکرز اور ڈی ایم سی کے عملے نے محنت سے کام کیا وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
ٹریفک پولیس نے بھی اچھا کام کیا، انکی محنت کو بھی داد دیتا ہوں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سائیکلون کا خطرہ ٹل گیا لیکن بلدیاتی اداروں کی ایمرجنسی 2 اکتوبر تک رہے گی، شہریوں نے جس طرح حکومت کا ساتھ دیا ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ صوبہ سندھ میں پاکستان کا تیسرا گاما نائف سینٹرقائم ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ شعلوں کو ہوا دینے کے مترادف ہے، بلاول بھٹو