کراچی:ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے وفاقی وزیر مراد سعید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مراد سعید سندھ حکومت کی کارکردگی کا معائنہ کرنے کے بجائے اپنی وزرات کی طرف توجہ دیں تو زیادہ بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مراد سعید جیسے بونے پیپلز پارٹی کی قیادت پر تنقید کرکے اپنا قد بڑھانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری کی مائیں بہنیں اپنے پیاروں کی میتیں لے کر احتجاج کر رہی ہیں مگر وزیر اعظم کی بے حسی ہے کہ وہ تاحال ان کے پاس نہیں گئے۔
وزیر اعظم کے ترجمان اس سانحے سے توجہ ہٹانے کے لئے الزام تراشی اور غلیظ زبان پر اتر آئے ہیں اور وفاقی وزرا سانحہ مچھ کے شہدا کے زخموں پر نمک پاشی کرکے توجہ ہٹا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا شعار ہے کہ وہ سیاست میں شائستگی اور بردباری کا مظاہرہ کرتی ہے۔ سلیکٹیڈ حکومت نے عوام کو مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ اس سلیکٹیڈ ٹولہ کی حکومت مزید قائم رہی تو ملک اندھیروں میں ڈوب جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ترجمانوں کے لشکر کا طیش میں آنا وزیر اعلی سندھ کی کل کی تقریر میں پیشگوئی حرف بہ حرف درست ثابت ہوئی۔ وزیر اعلی مراد علی شاہ کی بہترین کارکردگی وفاقی وزرا کو ہضم نہیں ہورہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک میں اگر ترقیاتی کام کہیں ہوئے ہیں تو وہ صرف سندھ میں مراد علی شاہ کی قیادت میں ہو رہے ہیں۔ کرونا وائرس کے تدارک کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر وزیراعلی سندھ کی خدمات کو پوری دنیا نے سراہا ہے۔