کراچی:وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ والدین فیس نہیں دیں گے تو اسکولز ملازمین کو تنخواہ کیسے دیں گے۔سعیدغنی نے کہا کہ والدین کی ایک بہت بڑی تعداد ہے جن کا کہنا ہے کہ اسکولز بند ہیں تو فیس کیوں دیں تو یہ ایک ایسا سوال ہے کہ میں سمجھتا ہوں جس پر غور کرنا چاہیے۔
سعید غنی نے اسکولز اور والدین سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ اسکولز اپنے ملازمین کو تنخواہیں دیں تو اس کے لیے جو ان کے پاس ذریعہ ہے وہ فیس ہے، اگر والدین فیس نہیں دیں گے تو اسکولز بند ہو جائیں گے۔
سعید غنی نے کہا کہ اگر اسکولز بند ہوجائیں گے کہ تو جب حالات ٹھیک ہو جائیں گے تو سارے اسکولز دوبارہ نہیں کھلیں گے اور اگر اسکولز نہیں کھلیں گے تو جو بچوں کا نقصان ہوگا وہ ان کے والدین کا بھی نقصان ہوگا۔
وزیر تعلیم سندھ نے کہاکہ ہم جب کہتے ہیں کہ والدین کو فیس دیں تو یہ ایک مشکل کام ہے، ہم اسکولز کو کہتے ہیں کہ آپ تنخواہیں دیں اپنے ملازمین کو یہ بھی مشکل کام ہے۔
انہوں نے گزارش کی کہ اس مشکل میں ہم اپنے حصے کا جتنا بوجھ ہوسکتا ہے اٹھائیں، تاکہ دو طرفہ مسائل کا حل نکالا جاسکے۔