کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 2 میں دھماکے کے باعث آئیڈیل بیکری تباہ ہو گئی جبکہ دھماکے کے باعث دو افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے فیز 2 میں واقع آئیڈیل بیکری کو دھماکے سے شدید نقصان پہنچا جبکہ بیکری کے اندر موجود کھانے پینے کی اشیاء اور فرنیچر بری طرح متاثر ہوا۔
ڈیفنس کے علاقے فیز 2 میں آئیڈیل بیکری پر عام حالات میں عوام کی بھیڑ رہتی ہے، تاہم لاک ڈاؤن کے باعث دھماکے سے جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
سحری کے وقت 3 بج کر 30 منٹ پر ہونے والا دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے آئیڈیل بیکری کے اردگرد کی عمارات کو بھی نقصان پہنچا جبکہ اردگرد کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
فیز 2 میں ہونے والے اس دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے شہری خوفزدہ ہو کر سڑکوں پر نکل آئے اور آئیڈیل بیکری کے اردگرد جمع ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے موقعے پر پہنچ گئے ہیں اور واقعے پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ سلنڈر کے پھٹنے یا شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا، تاہم دھماکے کی درست وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔