کراچی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے خواتین کرکٹرز کو بھی مرد کرکٹرز کے برابر پرائز منی دینے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے اسے ویمن کرکٹ کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے۔
ندا ڈار نے ایک انٹرویومیں امید ظاہر کی کہ ایسا وقت دور نہیں جب خواتین کرکٹرز بھی یکساں معاوضے حاصل کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ایسا وقت بھی دیکھیں کہ پاکستان میں مرد اور خواتین کرکٹرز کے معاوضے بھی یکساں ہوں۔
ویمن ٹیم کی کپتان نے کہاکہ آئی سی سی کا مینز اور ویمنز کیلئے یکساں پرائز منی کا اعلان خوش آئند ہے، اس فیصلے کا ہمیں کافی عرصہ سے انتظار تھا مینز اور ویمنز کرکٹ کو برابر سمجھنا مثبت بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان نے کہا کہ جب سہولیات یکساں ملتی ہیں تو اس سے پلیئرز کے حوصلے بلند ہوتے ہیں اور پھر پرفارمنس بھی بہتر ہوتی ہے،انہوں نے کہا کہ یہ بات کافی خوشی کی بات ہے کہ کرکٹر کو مرد کرکٹر یا خاتون کرکٹر کی بجائے صرف کرکٹر سمجھا جانے لگا ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان کو بھارت جانا چاہئے یا نہیں؟ شاہد آفریدی کا رد عمل سامنے آگیا
ندا ڈار نے کہا کہ بہت سارے ملکوں میں اب خواتین اور مرد کرکٹرز کی تنخواہیں بھی برابر ہیں، خواہش ہے کہ پاکستان میں مینز اور ویمنز کرکٹرز کے معاوضے بھی برابر ہوں اور وہ دن دور نہیں جب یہاں بھی دونوں کی سیلریز برابر ہوں گی۔