ممبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) نے سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد زبردست کرکٹ کیرئیر پر مبارکباد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مہندرا سنگھ دھونی نے اپنی کرکٹ ٹیم کی 3 بڑے آئی سی سی ٹورنمنٹس کے دوران کامیابی تک زبردست قیادت کی۔ سن 2007ء میں مہندرا سنگھ دھونی اس کرکٹ ٹیم کے کپتان تھے جس نے آئی سی سی کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا۔ سن 2011ء میں ورلڈ کپ اور 2013ء میں چیمپیئنز ٹرافی بھی دھونی کے نام رہی۔
مہندرا سنگھ دھونی اسٹمپس کے پیچھے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے جبکہ محدوداوورز کی کرکٹ میں شاندار رننگ کے ساتھ بھی دھونی نے نمایاں مقام حاصل کیا۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو منو ساؤنے کے مطابق مہندرا سنگھ دھونی کرکٹ کی تاریخ کے اہم ترین پلیئرز میں سے ایک ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آئی سی سی نے کہا کہ سن 2011ء میں آئی سی سی کے ورلڈ کپ فائنل کے دوران وننگ شاٹ لگاتے ہوئے مہندرا سنگھ دھونی نے دنیا بھر میں بیٹھے ہوئے کرکٹ کے شائقین کے دلوں میں گھر کر لیا۔دھونی نے ایک پوری نسل کو اپنے کھیل سے متاثر کیا اور انہیں ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں مہندرا سنگھ دھونی کو بہترین کرکٹ کیرئیر پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کے مستقبل کیلئے بہترین اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ دھونی نے 98 میچز کے دوران 4 ہزار 876 رنز بنائے۔ 256 کیچ پکڑے اور 38 کھلاڑیوں کو اسٹمپنگ کے ذریعے آؤٹ کیا۔ ان کا ٹیسٹ کیرئیر 2014ء میں اختتام پذیر ہوا۔
ون ڈے انٹرنیشنل میں دھونی نے 10 ہزار 773 رنز بنائے، 321 کیچز پکڑے اور 123 کھلاڑیوں کو اسٹمپنگ کے ذریعے آؤٹ کیا۔ ٹی ٹوئنٹی میچز میں دھونی نے 1 ہزار 617 رنز بنائے، 57 کیچز پکڑے اور 34 کھلاڑیوں کو اسٹمپنگ کے ذریعے پویلین کی راہ دکھائی۔ ٹیسٹ میں دھونی کی 6 جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میں 10 سنچریاں ہیں۔
سن 2006ء سے لے کر 2010ء تک مہندرا سنگھ دھونی آئی سی سی کے ون ڈے پلیئر میں بہترین کھلاڑی کے درجے پر فائز رہے۔ سن 2008 اور 2009ء میں دھونی آئی سی سی کے ون ڈے انٹرنیشنل کے پلیئر آف دی ائیر قرار پائے۔ سن 2011ء میں دھونی نے آئی سی سی کا اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ بھی جیتا۔
یہ بھی پڑھیں: وکٹ کیپر محمد رضوان سدابہار بیٹسمین ہیں۔سنجے منجریکر