پاکستان آئندہ سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے اور میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے تین پول میچز دو مختلف مقامات پر منعقد کیے جاسکتے ہیں۔
یہ تجویز مبینہ طور پر ٹورنامنٹ کے نشریاتی اداروں کی جانب سے دی گئی جو بھارتی کرکٹ بورڈ کے نشریاتی حقوق بھی رکھتے ہیں۔
بھارت کے تمام میچز ایک ہی مقام پر منعقد کرنے کا خیال کم دلچسپ سمجھا گیا جس کے بعد مختلف مقامات پر میچز کی تجویز پیش کی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس منصوبے پر کوئی اعتراض ظاہر نہیں کیا اور نشریاتی اداروں کی رائے کے مطابق راولپنڈی کو ایک مقام کے طور پر تجویز کیا۔
ابتدائی طور پر پی سی بی نے بھارت کے میچز کے لیے لاہور کو منتخب کیا تھا لیکن غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نشریاتی ادارے نے بھارتی ٹیم کے سفر کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے ایک اور شہر کو شامل کرنے کی تجویز دی۔
پیش کردہ شیڈول کے مطابق بھارت 20 فروری کو بنگلہ دیش اور 23 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف لاہور میں میچ کھیلے گا۔
بھارت پاکستان مقابلہ یکم مارچ کو شیڈول ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کو گروپ اے میں شامل کیے جانے کی توقع ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو پاکستان میں شیڈول میچز میں شرکت کے لیے حکومت کی منظوری کا انتظار ہے۔
ممکنہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول
– 19 فروری: نیوزی لینڈ بمقابلہ پاکستان – کراچی
– 20 فروری: بنگلہ دیش بمقابلہ بھارت – لاہور
– 21 فروری: افغانستان بمقابلہ جنوبی افریقہ – کراچی
– 22 فروری: آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ – لاہور
– 23 فروری: نیوزی لینڈ بمقابلہ بھارت – لاہور
– 24 فروری: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش – راولپنڈی
– 25 فروری: افغانستان بمقابلہ انگلینڈ – لاہور
– 26 فروری: آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ – راولپنڈی
– 27 فروری: بنگلہ دیش بمقابلہ نیوزی لینڈ – لاہور
– 28 فروری: افغانستان بمقابلہ آسٹریلیا – راولپنڈی
– 1 مارچ: پاکستان بمقابلہ بھارت – لاہور
– 2 مارچ: جنوبی افریقہ بمقابلہ انگلینڈ – راولپنڈی
– 5 مارچ پہلا سیمی فائنل- کراچی
– 6 مارچ دوسرا سیمی فائنل- راولپنڈی
– 9 مارچ فائنل- لاہور