نیویارک: امریکا کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی انٹرنیشنل بزنس مشینز (آئی بی ایم) کارپوریشن نے دنیا کی پہلی 2-نینومیٹر چپ ٹیکنالوجی متعارف کروا دی ہے جو کمپیوٹنگ کے عمل کو تیز کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
آئی بی ایم نے اعلان کیا کہ اس نے دو نینومیٹر چپ تیار کی ہے ، جو اب تک سب سے چھوٹی اور طاقتور ترین مائکروچپ ہے۔ نئی چپ کا سائز تقریبا ناخن کے برابر ہے ۔ اس میں50 ارب ٹرانزسٹر لگائے گئے ہیں ۔ یہ چپ 45 فیصد بہتر کارکردگی دکھائے گی اور تقریبا 75 فیصد کم توانائی استعمال کرے گی۔
ٹیکنالوجی کی ایجادات کچھ عرصے جمود کا شکار تھیں تاہم آئی بی ایم نے نئی 2-نینومیٹر ٹیکنالوجی کو متعارف کروا کر اس جمود کو توڑ دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ٹرانزسٹر کسی بھی چپ کا بنیادی حصہ ہوتا ہے۔ ٹرانزسٹرز جتنے تیز چلیں گے چپ بھی اسی رفتار سے کام کرے گی۔
جدید ترین چپ کی مدد سے سیل فون کی بیٹریاں چار گنا زیادہ دیر تک چل سکیں گی ۔ اسمارٹ فون اور لیپ ٹاپ کی رفتار تیز ہو جائے گی۔ 2025 تک اس کی صنعتی پیمانے پر تیاری شروع ہوجائے گی۔
5-نینومیٹر چپ ٹیکنالوجی کا اگر آئی بی ایم کی 2-نینومیٹر چپ ٹیکنالوجی سے موازنہ کریں تو یہ پتا معلوم ہوتا ہے کہ یہ چپ سائز میں چھوٹی بھی ہے اور کام بھی تیز کرتی ہے۔ آئی بی ایم کا 2-نینومیٹر ٹیکنالوجی کی کامیابی کے بعد 3-نینومیٹر ٹیکنالوجی پر کام کرنے کا ارادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہرارے: دوسرا ٹیسٹ میچ، زمبابوے نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 52 رنز بنالیے