کراچی:وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایسے تمام اسکولوں کو سسٹم سے نکال دیا جائے جہاں ضرورت سے زیادہ اسکول موجود ہیں۔ صرف وہ اسکول سسٹم میں رکھے جائیں جہاں بچوں کی انرولمینٹ 30 یا اس سے زائد ہو۔
صوبائی وزیر ورکس ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ترجیحی اسکولز کی تعمیر نو میں سست روی کا شکار ہونے پر افسران پر سخت برہمی کا اظہارکیا اور کہا کہ میں خود جاکر تمام اسکولز کا دورہ کروں گا اور اگر کسی افسر کی کوتاہی نظر آئی تو فوری کاروائی کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں محکمہ اسکول ایجوکیشن اور محکمہ اسکول ایجوکیشن ورکس کراچی ریجن کے علیحدہ علیحدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے اجلاس میں سیکرٹری اسکول ایجوکیشن احمد بخش ناریجو، ایم ڈی سندھ ایجوکیشن فاونڈیشن قاضی کبیر و دیگر افسران شریک تھے. اجلاس میں صوبے بھر کی موجودہ تعمیر شدہ اسکولز کے لیے SEMIS Code پالیسی پر دوبارہ غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری تعلیم نے بتایا کہ اس پالیسی پر غور سالانہ اسکول شماری کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسکولز کو گوگل میپ پر لوکیٹ کردیا گیا ہے۔
جس سے باآسانی دیکھا جاسکتا ہے کہ دو کلومیٹر کے رقبے میں کتنے اسکولز واقع ہیں اور اس سے باآسانی اس بات کا بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کس اسکول کو اپ گریڈ کیا جائے تاکہ اس علاقے سے بچوں کا اسکول سے نکلنے کو روکا جاسکے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر نے افسران پر زور دیا کہ صوبے بھر میں غیر ضروری اسکولز کو وہاں موجود دوسرے اسکولز میں ضم کیا جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ ایسے تمام اسکولز جو گھوسٹ ہوں ان کو سسٹم سے نکالا جائے تاکہ ان اسکولز کے وسائل دوسرے اسکولز میں بروئے کار لائے جاسکیں گے۔
بعد ازاں وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے محکمہ اسکول ایجوکیشن ورکس کراچی ریجن کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سیکرٹری اسکول ایجوکیشن احمد بخش ناریجو، اسپیشل سیکریٹری اسکول آصف میمن،چیف انجینئر کراچی شوکت شیخ و دیگر افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کراچی ریجن کی ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اس موقع پر افسران نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کورنگی اور ضلع جنوبی میں کام 90 فیصد مکمل ہے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کچھ اعلی ترجیحی اسکولز کی تعمیر نو سست روی کا شکار ہونے پر افسران پر سخت برہمی کا اظہارکیا اور کہا کہ میں خود جاکر تمام اسکولز کا دورہ کروں گا اور اگر کسی افسر کی کوتاہی نظر آئی تو فوری کارروائی کی جائے گی۔