اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے وزیراعظم کے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر کہا ہے کہ عدالتوں کو یہ فیصلے نہیں کرنا چاہئیں، اس سے آپ تجاوز کر رہے ہوں گے۔
فواد چوہدری نے سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں پوری قوم کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں عدالت نے پاکستان پیپلزپارٹی کی عبوری اسٹے کی درخواست مسترد کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ قائم رہے گی اور (آج)پیرکے لیے نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں اور اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ اب ہمیں بھی اپنا کیس عدالت میں رکھنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے وکلا تمام نکات عدالت کے سامنے رکھیں گے اور پہلا نکتہ یہی ہے کہ آرٹیکل 69 کے تحت سپریم کورٹ کو اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ پارلیمان کی رولنگ کو جج کرسکے اور یہ اسپیکر کا حتمی اختیار ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ دوسرا اسپیکر تفصیلی رولنگ دے دی ہے، جس میں تفصیلی وضاحت دی ہے کہ کیسے آرٹیکل 5 شامل ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں سے کہنا چاہتا ہوں اب کیوں شیر نہیں بن رہے ہیں۔
پہلی دفعہ کوئی حکومت دیکھی ہے کہ جو حکومت جارہی ہے وہ خوشیاں منا رہی ہے۔اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے چہرے دیکھیں، ابھی پریس کانفرنس کر رہے ہیں، آنکھوں سے آنسو آرہے ہیں، چہرہ اترا ہوا ہے، برے حال ہیں۔
کبھی سیاسی جماعتیں لوگوں کے پاس جانے سے خوف زدہ ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سینہ تان کر میدان میں نکلی ہے کہ آئیے عوام کے پاس چلتے ہیں، یہ کبھی ایک کونے میں گھس رہے ہیں، یہ ٹیکنیکل انصاف میں پڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کے فیصلے عدالتوں میں نہیں ہوتے، سیاست کے فیصلے سڑک اور عوام میں ہوتے ہیں، عوام آخری فیصلہ ساز ہیں جو سیاست کا فیصلہ کرتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عدالتیں یہ فیصلے نہیں کیا کرتیں اور عدالتوں کو یہ فیصلے کرنے بھی نہیں چاہئیں، اس سے سیاسی تفریق پیدا ہوتی ہے اور جب آپ سیاسی میدان میں آتے ہیں تو تجاوز کر رہے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آج بھی چیلنج کرتا ہوں، مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام پر مشتمل چوں چوں کا مربہ کیا چاہتا تھا، وہ چاہتے تھے کہ حکومت جائے تو حکومت چلی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اب آپ عدالت میں گئے ہیں کہ بحال کریں تو ہم پھر ان کو بھیج سکیں، ان کے دماغ اخروٹ سے بھی چھوٹے ہیں، کوئی سیاسی جماعت الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کردے گی، تو کیا پتہ چلے گا کہ ان کی پوزیشن نہیں ہے الیکشن میں جانے کی۔
مزید پڑھیں: آج طاقت کے جنون میں مبتلا ایک شخص نے آئین کو پامال کیا، نواز شریف