لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شرجیل خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں واپسی پر بہت خوش ہوں،لاہور میں جاری تربیتی کیمپ میں اچھے ماحول میں ٹریننگ کا موقع ملا ہے۔
دورہ جنوبی افریقا اور زمبابوے کیلیے قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرکٹر نے ورچوئل میڈیا کانفرنس میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فٹنس کا کوئی بڑا مسئلہ نہیں لیکن منیجمنٹ کے مقرر کردہ معیار تک پہنچنے کی کوشش کررہا ہوں۔
شرجیل خان کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک پروفیشنل کرکٹر کے طور فٹنس ضروری ہے،انہوں نے کہاکہ مسلسل 7 ماہ سے کرکٹ میں سرگرم اور پرفارم بھی کررہا ہوں۔
اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا کے کیریئر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو کچھ پہلے ہوا میں ماضی کا قصہ بن چکا ہے، اس پر بات کرنے کا اب کوئی فائدہ نہیں، کم بیک پر تمام ساتھی کھلاڑیوں نے خوش آمدید کہا ہے۔ کرکٹ پر پورا فوکس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر بال کو اپنے نیچرل انداز میں میرٹ پر کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں۔ آف سٹمپ سے باہر جاتی گیندیں میری کمزوری نہیں، 4روزہ کرکٹ میں سوئنگ بولنگ کا سامنا کرتے ہوئے رنز بنائے ہیں۔مزید فارم میں آنے کی کوششوں میں مصروف ہوں۔