سوشل میڈیا پر آئے دن مختلف قسم کے انوکھے، دلچسپ، چونکا دینے والے اور نا قابل یقین واقعات، معاملات اور باتیں وائرل ہوجاتی ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر بھارت کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) منوج مکند نرونے کی کسی چینل کے ساتھ گفتگو کا ایک کلپ وائرل ہے، جس میں اپنی ریٹائرمنٹ کی زندگی کے بارے میں کہی گئی ان کی باتیں پاکستان میں بڑی حیرت اور ناقابل یقین احساس کے ساتھ سنی جا رہی ہیں۔
پاکستان میں سرکاری افسران کے ریٹائرمنٹ کے بعد زبردست عیاشیوں اور ملک کے اندر اور ملک سے باہر جائیدادوں کے واقعات ہی سنے اور دیکھے جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جنرل منوج مکند نرونے جب اپنی کہانی بتاتے ہیں تو پاکستانیوں کو یقین ہی نہیں آتا کہ بھارت جیسے ایک بڑے ملک کے آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ کی زندگی اس قدر سادہ ہے۔
جنرل منوج مکند نرونے مسکراتے ہوئے یہ کہتے سنائی دیتے ہیں کہ میں (ریٹائرمنٹ کے بعد سے) ایک کالونی میں فلیٹ میں رہتا ہوں۔ سبھی لوگوں سے ملتا ہوں۔
وہ مزید کہتے ہیں کہ میری (سرکار اور فوج کی طرف سے) کوئی پروٹیکشن نہیں ہے، مجھے اچھا لگتا ہے کہ میں کہیں پر بھی جا سکتا ہوں، گھوم سکتا ہوں۔
پارک میں جاکر آرام سے بنچ پر بیٹھ سکتا ہوں۔ پھر وہ ہنستے ہوئے کہتے ہیں کہ کوئی میری طرف دیکھتا بھی نہیں۔ اور یہ سب ایکسپیرینئس کرکے مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔
پاکستانی صارفین اس کلپ کو لیکر اس کا موازنہ پاکستان کے سول اور ملٹری ریٹائرڈ افسران و ملازمین کی شاہانہ طرز زندگی سے کر رہے ہیں اور مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جنرل منوج مکند نرونے بھارت کے 28 ویں آرمی چیف تھے، انہوں نے 15 دسمبر 2021 سے 30 اپریل 2022 تک بھارتی بری فوج کی کمان کی۔