امارات: میری ہندوستان کے وزیر خارجہ سے کوئی ملاقات طے نہیں، ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستانی قونصل خانہ دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کل میری متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے ملاقات ہو گی،ہم دونوں ممالک کوشش کر رہے ہیں کہ سفارتی برادرانہ تعلقات کے 50 سال مکمل ہونے پر مختلف پروگرام ترتیب دیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان صاحب سے گذارش کروں گا کہ وہ بھی یہاں تشریف لائیں،اور ہم شارجہ میں ایک بہت بڑے پروگرام کا انعقاد کریں اور اس پروگرام میں یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو خراج تحسین پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا چاہتے ہیں،ہم دوسری جماعتوں کے ساتھ مشاورت میں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا بیرون ملک مقیم پاکستانی، پاکستان کی سیاست اور پالیسی سازی میں شامل ہو سکے۔
میں میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر یہاں تشریف لائے، میری ہندوستان کے وزیر خارجہ امور جے شنکر سے کوئی ملاقات طے نہیں،ہندوستان اور پاکستان کی گفتگو جب بھی ہو گی اس کیلئے ہمیں دو طرفہ سوچنا ہوگا۔
ہم اپنے تمام ہمسایوں بشمول ہندوستان کے ساتھ پرامن رہنے کے حامی ہیں،اگر ہندوستان 5 اگست کے اقدامات پر نظر ثانی کرتا ہے تو ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں،کشمیر کے معاملے پر ہم صرف نظر نہیں کر سکتے، افغان وزیر خارجہ کا مجھ سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، افغان امن عمل اہم مرحلہ میں داخل ہو چکا ہے۔
بہت سے ممالک افغانستان میں قیام امن کیلئے کوششیں کر رہے ہیں،ترکی نے بھی اس حوالے سے ایک کانفرنس رکھی ہے، ہماری خواہش ہو گی کہ طالبان اس کانفرنس میں تشریف لائیں۔